آزاد کشمیر میں سیاسی ہلچل، چوہدری محمد رشید وزارت سے برطرف

مظفرآباد(بولونیوز)آزاد کشمیر کی سیاست میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے وزیر چوہدری محمد رشید کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیا ہے۔
چوہدری محمد رشید پاور ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے وزیر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ ان کی برطرفی کا باضابطہ اعلان وزیراعظم آزاد کشمیر کے معاونِ خصوصی عزادار کاظمی کی جانب سے جاری کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق چوہدری محمد رشید کی مسلم لیگ (ن) میں ممکنہ شمولیت سے متعلق خبروں کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔ سیاسی حلقوں میں اس وقت ہلچل پیدا ہوئی جب ان کی وفاقی رہنما رانا ثناء اللہ سے ملاقات کی اطلاعات منظرِ عام پر آئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات کی خبر سامنے آنے کے بعد حکومتی حلقوں میں تشویش پیدا ہوئی، جس پر وزیراعظم آزاد کشمیر نے موجودہ سیاسی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری طور پر چوہدری محمد رشید سے وزارت واپس لینے کا فیصلہ کیا۔
چوہدری محمد رشید کی برطرفی کے بعد آزاد کشمیر کی سیاست میں نئی صف بندیوں اور ممکنہ سیاسی حکمت عملیوں پر بحث شروع ہو گئی ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق یہ فیصلہ آئندہ دنوں میں خطے کی سیاست میں بڑی تبدیلیوں کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *