کے ڈی اے میں جعلی ڈگریوں پر بھرتیوں کا بڑا اسکینڈل، 100 افسران آج طلب
کراچی(بولونیوز)کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) میں بڑے پیمانے پر غیر قانونی بھرتیوں اور جعلی تعلیمی اسناد کے الزامات پر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے کارروائی تیز کر دی ہے۔ اینٹی کرپشن ڈسٹرکٹ سینٹرل کی جانب سے جاری نوٹس کے مطابق 100 افسران اور ملازمین کو آج تمام متعلقہ ریکارڈ کے ہمراہ طلب کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن حکام کو شکایات موصول ہوئی تھیں کہ کے ڈی اے میں مبینہ طور پر من پسند افراد اور افسران کے رشتہ داروں کو بیک ڈیٹ میں بھرتی کیا گیا اور جعلی تعلیمی اسناد کی بنیاد پر ترقیاں دی گئیں۔ ان الزامات پر ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سینٹرل نے باضابطہ انکوائری کا آغاز کر دیا ہے۔
طلب کیے گئے ریکارڈ کی تفصیلات:
نوٹس کے مطابق تمام 100 افسران و ملازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ درج ذیل دستاویزات لازمی طور پر پیش کریں:
HEC اور IBCC سے تصدیق شدہ تعلیمی اسناد اور ڈپلومہ
اپوائنٹمنٹ لیٹر اور جوائننگ آرڈر
نوکری کے لیے سفارش کرنے والی شخصیت کی مکمل تفصیلات
پہلی اور آخری سیلری سلپ کا ریکارڈ
سخت وارننگ:
نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ معاملہ نہایت سنگین نوعیت کا ہے۔ مقررہ وقت پر ریکارڈ پیش نہ کرنے یا عدم تعاون کی صورت میں قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ انکوائری مکمل ہونے کے بعد ذمہ داران کے خلاف قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔


