اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کا اسپیشل سیکیورٹی یونٹ ہیڈکوارٹرز کا دورہ
اسلام آباد(بولونیوز)یونائیٹڈ کے کھلاڑیوں اور آفیشلز پر مشتمل وفد نے پاکستان سپر لیگ کے سلسلے میں اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (SSU) کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے یونٹ کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔دورے کے دوران وفد نے ایس ایس یو کے آپریشنل طریقۂ کار اور سہولیات کا جائزہ لیا۔ ٹیم کے اراکین نے سیکیورٹی کے حوالے سے یونٹ کی پیشہ ورانہ مہارت اور اعلیٰ معیار کی خدمات کی تعریف کی۔
وفد کو سیکیورٹی ڈویژن کی جانب سے جاری اقدامات اور اسپورٹس ایونٹس کے دوران شہریوں اور کھلاڑیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیےکیےگئےانتظامات پربریفنگ دی گئی، جس کا مقصد اعتماد اور تحفظ کے احساس کو مزید مضبوط کرنا ہے۔دورے کے موقع پر کھلاڑیوں اور آفیشلز کو اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے انڈور فائرنگ رینج میں عملی شوٹنگ ایکسرسائز میں حصہ لینے کا موقع بھی دیا گیا۔
وفد نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منظم اور سخت سیکیورٹی انتظامات کے باعث کھلاڑی اور آفیشلز خود کو محفوظ اور پُرسکون محسوس کرتے ہیں۔دورے کے اختتام پر ڈی آئی جی سیکیورٹی ڈاکٹر مقصود احمد اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ایک دوسرے کو یادگاری تحائف پیش کیے۔


