سندھ بھر میں ڈرونز اور کواڈ کاپٹرز کی فضائی پرواز پر فوری پابندی عائد
کراچی(بولونیوز)سندھ میں موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر وفاقی وزارت داخلہ کی ہدایت پر ڈرونز اور کواڈ کاپٹرز کی فضائی پرواز پر فوری پابندی عائد کر دی گئی ہے۔وفاقی وزارت داخلہ کے مراسلے کے بعد حکومتِ سندھ نے صوبے بھر میں ڈرونز کے بیرونی استعمال پر 60 روز کے لیے مکمل پابندی نافذ کر دی ہے۔
سندھ حکومت کے مطابق موجودہ سیکیورٹی خدشات کے باعث حفاظتی اقدامات کے تحت ڈرونز کے ممکنہ غلط استعمال کو روکنا ناگزیر ہو گیا ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ پابندی کا اطلاق پورے سندھ میں فوری طور پر ہوگا اور آئندہ احکامات تک برقرار رہے گا۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق صرف انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ڈرون استعمال کی اجازت حاصل ہوگی، جبکہ عام شہریوں یا نجی اداروں کو کسی بھی قسم کے ڈرون یا کواڈ کاپٹر اڑانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 تعزیراتِ پاکستان کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے۔ اس ضمن میں تمام ایس ایچ اوز کو اختیار دے دیا گیا ہے کہ وہ سیکشن 144 کی خلاف ورزی پر فوری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائیں۔


