کے ڈی اے میں جعلی ڈگریوں پر بھرتیوں کا بڑا سکینڈل، 100 افسران طلب
کراچی(بولونیوز)کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) میں مبینہ طور پر جعلی تعلیمی اسناد اور غیر قانونی بھرتیوں کے بڑے سکینڈل کے انکشاف کے بعد اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے گھیرا تنگ کر دیا ہے۔
اینٹی کرپشن ڈسٹرکٹ سینٹرل کی جانب سے جاری نوٹس کے مطابق ادارے کے 100 افسران اور ملازمین کو آج مکمل ریکارڈ سمیت طلب کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق کے ڈی اے میں مبینہ طور پر من پسند افراد اور افسران کے قریبی رشتہ داروں کو بیک ڈیٹ میں بھرتی کرنے اور جعلی ڈگریوں کی بنیاد پر ترقی دینے کی شکایات موصول ہوئی تھیں، جس پر باقاعدہ انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔
طلب کیے گئے افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے ساتھ درج ذیل دستاویزات پیش کریں:
ایچ ای سی اور آئی بی سی سی سے تصدیق شدہ تعلیمی اسناد اور ڈپلومہ
اپوائنٹمنٹ لیٹر اور جوائننگ آرڈر
نوکری کے لیے سفارش کرنے والی شخصیت کی تفصیلات
پہلی اور آخری تنخواہ کی سلپ کا ریکارڈ
نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ معاملہ انتہائی نوعیت کا ہے اور تمام افسران کو مکمل ریکارڈ کے ساتھ پیش ہونا لازمی ہے، بصورت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔


