کراچی اور لاہور ایئرپورٹس پر جدید ائیر ٹریفک کنٹرول سسٹم نصب کرنے کا فیصلہ
کراچی(بولونیوز)ملک کے دو بڑے اور مصروف ترین ہوائی اڈوں پر جدید ترین ائیر ٹریفک کنٹرول سسٹم نصب کرنے کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے۔پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے حکام کے مطابق کراچی ایئرپورٹ اور لاہور ایئرپورٹ پر نیا اور جدید ائیر ٹریفک کنٹرول سسٹم نصب کیا جائے گا، جس کا مقصد فضائی آپریشنز کو مزید محفوظ، مؤثر اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کراچی اور لاہور فلائٹ انفارمیشن ریجن کے لیے جدید ترین فلائٹ مینجمنٹ سسٹم بھی متعارف کرایا جائے گا، جو پروازوں کی نگرانی، رہنمائی اور فضائی آمد و رفت کے بہتر انتظام میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ اس نظام کے ذریعے فلائٹس کی بروقت اور محفوظ آمد و روانگی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔
پی اے اے کے مطابق سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے اس منصوبے کے پی سی ون کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد منصوبے پر عملی کام شروع کرنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔حکام کے مطابق جدید ائیر ٹریفک کنٹرول اور فلائٹ مینجمنٹ سسٹم کی تنصیب سے نہ صرف فضائی حفاظت میں اضافہ ہوگا بلکہ بین الاقوامی معیار کے مطابق پاکستان کے ہوائی اڈوں کی کارکردگی میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔


