وزیراعظم شہباز شریف کا یومِ اقبال پر پیغام، اتحاد و تعلیم پر زور
اسلام آباد(بولونیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ اقبال کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ علامہ اقبال مسلمانانِ برصغیر کے عظیم فکری رہنما اور محسن تھے جنہوں نے خودی، عمل، ایمان اور فکری آزادی کا پیغام دیا۔وزیراعظم نے کہا کہ علامہ اقبال کے افکار نے ایک محکوم قوم میں بیداری، خود اعتمادی اور مسلسل جدوجہد کا شعور پیدا کیا، جو آج بھی قومی اور عالمی حالات میں غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں فکری انتشار، انتہاپسندی اور معاشرتی عدم برداشت جیسے چیلنجز اس بات کے متقاضی ہیں کہ ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کو اقبال کی فکر کی روشنی میں استوار کریں۔شہباز شریف کے مطابق علامہ اقبال نے محبت، اخوت اور بیداریِ ملت کو مقصدِ حیات قرار دیا، اور انہی اصولوں پر مضبوط، پُرامن اور متحد پاکستان ہمارا مستقبل ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور ایک معتدل اور ہم آہنگ معاشرے کے قیام کے لیے اقدامات جاری ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ علامہ اقبال نوجوان نسل کی تربیت پر خصوصی توجہ دیتے تھے، اور حکومت بھی اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ تعلیم کو فکری، اخلاقی اور قومی بنیادوں پر استوار کیے بغیر قومی ترقی کا خواب مکمل نہیں ہو سکتا۔


