بھکاریوں کی بائیومیٹرک نگرانی اور ویگرینسی ایکٹ 2026 پیش
پشاور(بولونیوز)خیبرپختونخوا میں بھکاریوں کی نگرانی بائیومیٹرک اورجدید ٹیکنالوجی کےذریعےکرنےکافیصلہ کرلیا گیا ہے۔گداگری کے خاتمے کے لیے خیبرپختونخوا اسمبلی میں ویگرینسی ایکٹ 2026 پیش کیا گیا ہے، جس کے تحت پورے صوبے میں قانون کا اطلاق ہوگا اور پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
بل کےمطابق صوبائی اسٹیئرنگ کمیٹی قائم کی جائےگی جسےشناختی کارڈاورپاسپورٹ بلاک کرنےکےاختیارات حاصل ہوں گے۔مجوزہ قانون میں پہلی بار بھیک مانگنے پر ایک ماہ قید، جبکہ دوسری بار پکڑے جانے پر ایک سال قید کی سزا تجویز کی گئی ہے۔ دھوکہ دہی سے بھیک مانگنے پر دو سال اور منظم گروہ چلانے والوں کو تین سال قید کی سزا دی جائے گی۔
اس کے علاوہ بچوں سے بھیک منگوانے والوں پر چار لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکے گا۔ پولیس اور سوشل ویلفیئر حکام کو بغیر وارنٹ گرفتاری کا اختیار ہوگا، جبکہ گرفتار افراد کو 24 گھنٹوں میں اسپیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کرنا لازمی ہوگا۔بل میں یہ بھی تجویز کیا گیا ہے کہ عدالتیں سزا دینے کے بجائے بھکاریوں کو بحالی مراکز بھیج سکیں گی، جہاں انہیں فنی تربیت اور نفسیاتی مدد فراہم کی جائے گی۔ بھکاری بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کے حوالے کیا جائے گا۔
مزید برآں عوامی مقامات پر بھیک مانگنے کو جرم قرار دیا گیا ہے، جبکہ سہولت کار بھی قانون کی گرفت میں آئیں گے۔ حکومت ہر تین ماہ بعد قانون پر عملدرآمد کا جائزہ لے گی۔


