سیکیورٹی اداروں کی بڑی کارروائی، بھارتی ایجنسی ’’را‘‘جاسوسی میں 3 افراد گرفتار
راولپنڈی(بولونیوز)پاکستان کے سیکیورٹی اداروں نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی را (RAW) کے لیے مبینہ طور پر جاسوسی میں ملوث تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق نارووال، بہاولپور اور آزاد کشمیر کے ضلع نیلم سے ہے۔
تحقیقات کے دوران ملزمان نے مبینہ طور پر اعتراف کیا کہ انہیں سوشل میڈیا ایپس کے ذریعے ہنی ٹریپ اور مالی لالچ دے کر حساس معلومات تک رسائی کے لیے استعمال کیا گیا۔ ان کے مطابق انہیں مختلف ذرائع سے ادائیگیاں کی جاتی رہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر بھارتی ایجنسی سے منسلک افراد کے ساتھ رابطے میں تھے۔ ان کے خلاف آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق دشمن عناصر سوشل میڈیا کے ذریعے شہریوں کو ورغلا کر اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کرتے ہیں، اس لیے عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔


