وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی ملاقات

اسلام آباد(بولونیوز)وزیراعظم شہباز شریف سے امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور اہم علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم آفس کے مطابق ملاقات میں امریکی وفد میں سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی شریک تھے، جبکہ پاکستان کی جانب سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی اور ایرانی وفود کے درمیان جاری تعمیری مذاکرات کے عمل کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ مذاکرات خطے میں پائیدار امن کے قیام کی جانب اہم پیش رفت ثابت ہوں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں دیرپا امن کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے اور دونوں فریقین کے درمیان سہولت کاری کی کوششیں جاری رکھے گا۔

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں بھی ان مذاکرات کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ عمل خطے کو استحکام کی جانب لے جانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

اسلام آباد میں جاری ان سفارتی سرگرمیوں کے دوران دنیا بھر کے میڈیا کی نظریں بھی مذاکرات پر مرکوز ہیں۔

رپورٹس کے مطابق ایرانی وفد پارلیمانی اسپیکر محمد باقر قالیباف کی قیادت میں اسلام آباد پہنچا جبکہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس بھی دارالحکومت میں موجود ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *