امریکیوں کو سوچنا چاہئے کہ ایک پاگل کیسے ان کا صدر ہے،نعیم الرحمن
کراچی(بولونیوز) جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حوالے سے سخت ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکیوں کو سوچنا چاہیے کہ ایک پاگل کس طرح ان کا صدر ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ٹرمپ احمقانہ بیانات دے رہے ہیں، اور امریکی ایوان نمائندگان بھی کہہ رہا ہے کہ ٹرمپ کو صدر نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے ایران کی تعریف کی کہ وہ امریکی اور اسرائیلی حملوں کا مقابلہ کر رہا ہے اور کہا کہ پاکستان کو بھی اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ امیر جماعت اسلامی نے فلسطینیوں کے حوالے سے کہا کہ اسرائیل اب ان کو پھانسیاں دے رہا ہے اور اس پر عالمی سطح پر کوئی بات نہیں ہو رہی، جبکہ پاکستان اگر اچھا قدم اٹھائے تو جماعت اسلامی اس کی حمایت کرے گی۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے مقامی مسائل پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ عوام پیٹرول کے ہر لیٹر پر حکومت کو 225 روپے ادا کر رہے ہیں اور آئی پی پیز کے معاہدے ختم ہونے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمتیں مزید کم کی جائیں، بجلی پر اضافی ٹیکس کے خلاف بھی احتجاج کیا جائے گا۔
یہ پریس کانفرنس جماعت اسلامی کی بین الاقوامی اور ملکی امور پر موقف کی واضح عکاسی ہے۔


