پیٹرولیم مصنوعات کی غیر قانونی تجارت کے خلاف ایف آئی اے کی کارروائی، مختلف ڈپوؤں کا معائنہ

کوئٹہ(بولونیوز) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی بلوچستان زون نے پیٹرولیم مصنوعات کی غیر قانونی تجارت کی روک تھام اور سپلائی چین میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے کوئٹہ کے مختلف پیٹرولیم ڈپوؤں میں پیٹرولیم اسٹاک کی جانچ پڑتال کی۔

ایف آئی اے حکام نے معائنے کے دوران دستیاب پیٹرولیم اسٹاک کا تفصیلی جائزہ لیا اور اسے متعلقہ ریکارڈ سے ملا کر تصدیق کی۔ اس موقع پر اسٹاک رجسٹرز اور سرکاری دستاویزات کا بھی معائنہ کیا گیا تاکہ ریکارڈ کی درستگی، مناسب دیکھ بھال اور قواعد و ضوابط کی مکمل پابندی کو یقینی بنایا جا سکے۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ ان معائنوں کا مقصد پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی، اسمگلنگ اور بلیک مارکیٹنگ جیسی غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ہے۔ حکام نے واضح کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی، غیر مجاز فروخت یا اسمگلنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

ایف آئی اے نے خبردار کیا ہے کہ اس قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد یا عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ادارے کے مطابق عوامی مفاد کے تحفظ اور پیٹرولیم سپلائی چین میں شفافیت برقرار رکھنے کے لیے اس نوعیت کی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔

ایف آئی اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کہیں پیٹرولیم مصنوعات کی غیر قانونی تجارت یا ذخیرہ اندوزی سے متعلق کوئی مشکوک سرگرمی نظر آئے تو فوری طور پر ایف آئی اے کو اطلاع دیں تاکہ بروقت قانونی کارروائی کی جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *