سندھ چیف منسٹرز پبلک کمپلینٹ سیل میں وزراء و مشیروں کی موجودگی کا شیڈول جاری
کراچی(بولونیوز)حکومتِ سندھ نے عوامی مسائل کے بروقت اور مؤثر حل کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایات پر وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ کراچی میں قائم سندھ چیف منسٹرز پبلک کمپلینٹ سیل (919) میں صوبائی وزراء، مشیروں، خصوصی معاونین اور ترجمانوں کی باقاعدہ موجودگی کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔
جاری کردہ شیڈول کے مطابق مختلف محکموں سے تعلق رکھنے والے ذمہ داران مقررہ دنوں میں پبلک کمپلینٹ سیل میں موجود ہوں گے تاکہ شہریوں کی شکایات براہِ راست سنی جا سکیں اور ان کے فوری حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔
حکومتی ذرائع کے مطابق اس اقدام کا مقصد عوام اور حکومت کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانا، شکایات کے ازالے کے عمل میں شفافیت لانا اور سرکاری محکموں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانا ہے۔ شہری اب اپنی شکایات نمبر 919 کے ذریعے درج کروا کر متعلقہ حکام سے براہِ راست رجوع کر سکیں گے۔
حکومتِ سندھ کا کہنا ہے کہ عوامی مسائل کے حل کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔


