سندھ کابینہ کا اجلاس،مزارات و مذہبی مقامات کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری
کراچی(بولونیوز)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کا اجلاس، مزارات و مذہبی مقامات کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری
وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کا اجلاس جاری رہا، جس میں مزارات اور مذہبی مقامات سے متعلق ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی گئی۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق محکمہ اوقاف و مذہبی امور کی جانب سے مختلف مزارات اور مذہبی مقامات کے لیے ترقیاتی منصوبے کابینہ کے سامنے پیش کیے گئے، جنہیں منظور کر لیا گیا۔
اجلاس میں خیرپور کے علاقے درازہ شریف میں حضرت سچل سرمستؒ کی لائبریری کے قیام کی منظوری دی گئی۔ سچل سرمستؒ لائبریری منصوبے کی مجموعی لاگت 5 کروڑ 15 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔
اسی طرح مٹیاری کے علاقے بھٹ شاہ میں حضرت شاہ لطیف بھٹائیؒ کے مزار پر ترقیاتی کاموں کی بھی منظوری دی گئی۔ منصوبے کے تحت اندرونی سڑکوں کی بحالی اور نیا 200 کے وی اے ٹرانسفارمر نصب کیا جائے گا۔ اس منصوبے کے لیے سندھ کابینہ نے 3 کروڑ 36 لاکھ روپے مختص کر دیے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے دونوں منصوبوں کے لیے 25 فیصد فنڈز فوری طور پر جاری کرنے کی بھی منظوری دی اور ہدایت کی کہ زائرین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات تیز کیے جائیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ مزارات اور مذہبی مقامات کی ترقی سے نہ صرف زائرین کو سہولت ملے گی بلکہ ان مقامات کی تاریخی و ثقافتی اہمیت کو بھی اجاگر کیا جا سکے گا۔


