تھانہ کورنگی انڈسٹریل ایریا کی بڑی کارروائی، فلیٹ فروخت کرنے والا گینگ سرغنہ گرفتار
کراچی(بولونیوز) تھانہ کورنگی انڈسٹریل ایریا کی کامیاب کارروائی پر عوام کی جانب سے اظہارِ تشکر کیا جا رہا ہے۔ پولیس نے فلیٹوں اور مکانوں کے تالے توڑ کر سامان چوری کرنے اور بعد ازاں جائیداد فروخت کرنے والے گینگ کے سرغنہ اعجاز عرف جوجی کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم اعجاز عرف جوجی کو اللہ والا ٹاؤن پلاٹ نمبر 1347 اور الواسع ٹاؤن کے ایک فلیٹ کے تالے توڑ کر سامان چوری کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ اللہ والا ٹاؤن کی رہائشی خاتون کی درخواست پر مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کیا گیا۔
تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزم وسیع پیمانے پر فلیٹوں اور مکانوں پر قبضے اور تالے توڑنے کی وارداتوں میں ملوث ہے۔ پولیس کے مطابق اس گینگ میں خواتین سمیت کورنگی کے متعدد کرمنل عناصر شامل ہیں، جو اللہ والا ٹاؤن، الواسع ٹاؤن، کے ڈی اے اور دیگر علاقوں میں مسلسل قبضے اور چوری کی وارداتیں کرتے رہے ہیں۔
ملزم اعجاز عرف جوجی سے تھانہ کورنگی انڈسٹریل ایریا میں اے ایس آئی ہدایت تفتیش کر رہے ہیں۔ کامیاب کارروائی پر عوام نے ایس ایچ او سمیت پولیس افسران اور جوانوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔


