سوشل میڈیا پربارش کی تصدیق، 26 تا 30 مارچ کے لیے معمولی موسم کی پیش گوئی
کراچی(بولونیوز) شہر میں سوشل میڈیا اور کچھ نیوز چینلز پر گردش کرنے والی خبریں کہ 26 مارچ سے 30 مارچ تک کراچی میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارشیں ہوں گی، بے بنیاد ہیں اور ان میں کوئی صداقت موجود نہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا آج کا موسم بہتر رہے گا، تاہم جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور چند مقامات پر ہلکی پھلکی بوندا باندی کے معمولی امکانات موجود ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ 26 مارچ کو شہر میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ کچھ علاقوں میں کمزور مغربی سسٹم کے اثرات کے تحت ہلکی پھوار یا معمولی بارش (شاورز) متوقع ہے، لیکن کوئی شدید یا خطرناک صورتحال نہیں ہوگی۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ 28 سے 30 مارچ کے دوران، خاص طور پر 28 مارچ کو، بہتر بارش کے امکانات ہیں اور 28 اور 29 مارچ کے درمیان شہر میں بارش کا ایک اچھا سلسلہ داخل ہو سکتا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ موسمی صورتحال کے بارے میں لمحہ بہ لمحہ اپڈیٹ کے لیے محکمہ موسمیات اور متعلقہ ذرائع کی تصدیق شدہ اطلاعات پر بھروسہ کریں۔


