جوکھیو کے قریب پانی کی لائن میں بچی کے ڈوبنے کا واقعہ
کراچی(بولونیوز)ریسکیو 1122 کے مطابق جوکھیو کے قریب پانی کی لائن میں 12 سالہ بچی ثنم کے ڈوبنے کی اطلاع موصول ہوئی۔
ترجمان ریسکیو 1122 نے بتایا کہ سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول کو گزشتہ شام 7 بجے اطلاع موصول ہوتے ہی واٹر ریسکیو ٹیم جائے وقوعہ پر روانہ کی گئی۔ آپریشن دیر رات تک جاری رہا تاہم اندھیرے کے باعث نائٹ آپریشن معطل کر دیا گیا اور آج صبح دوبارہ سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق بچی پانی بھرنے کے دوران پھسل کر تیز بہاؤ والے واٹر چینل میں گر گئی۔ ریسکیو اہلکاروں کے مطابق یہ لائن سیوریج نہیں بلکہ کینجھر جھیل سے کراچی آنے والی صاف پانی کی سپلائی لائن ہے۔ پانی کی گہرائی 25 سے 30 فٹ اور پانی کا پریشر انتہائی زیادہ ہونے کے باعث ریسکیو آپریشن میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
ریسکیو ٹیمیں آج صبح سے دوبارہ سرچ آپریشن میں مصروف ہیں، واٹر ریسکیو اور اسکوبا ٹیمیں پانی کے بہاؤ کے رخ پر فلٹریشن پلانٹ کی جانب سرچ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ریسکیو اہلکار کنٹینر کے ذریعے ممکنہ رکاوٹ یا جسم کی موجودگی کا سراغ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ترجمان ریسکیو 1122 نے کہا کہ تیز بہاؤ کے باعث خدشہ ہے کہ بچی پانی کے ساتھ کئی کلومیٹر دور بہہ گئی ہو، اور تاحال بچی کی لاش کا سراغ نہیں مل سکا۔ سرچ آپریشن جاری ہے اور ریسکیو ٹیمیں ہر ممکن کوشش کر رہی ہیں۔


