سعودی عرب میں پرنس سلطان ایئر بیس کو نشانہ بنایا،ایران کا دعوی
تہران(بولونیوز)مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے، جہاں ایران نے سعودی عرب اور بحرین میں امریکی اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایران کے ختم الانبیا سینٹرل ہیڈکوارٹر کے ترجمان کے مطابق سعودی عرب میں واقع پرنس سلطان ایئر بیس کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پرنس سلطان ایئر بیس امریکی فوجی سرگرمیوں کا ایک اہم مرکز ہے، جہاں موجود امریکی جاسوس طیاروں کو بیلسٹک میزائلوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ بحرین میں موجود امریکی ففتھ فلیٹ کو بھی میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا ہے۔
دوسری جانب ایرانی پاسداران انقلاب نے اپنے جاری کردہ بیان میں سخت ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر امریکا یا اسرائیل کی جانب سے ایران کے بجلی کے نظام کو نشانہ بنایا گیا تو ایران بھی اسی نوعیت کا جواب دے گا۔
پاسداران انقلاب کے مطابق ایرانی پاور پلانٹس پر کسی بھی حملے کی صورت میں اسرائیلی بجلی گھروں سمیت امریکی اڈوں کو بجلی فراہم کرنے والے پاور پلانٹس کو نشانہ بنایا جائے گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی خطرے کا جواب اسی سطح پر دیا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق ان بیانات اور دعوؤں کے بعد خطے میں کشیدگی ایک بار پھر خطرناک حد تک بڑھنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، جس کے اثرات پورے مشرقِ وسطیٰ اور عالمی سلامتی پر مرتب ہو سکتے ہیں۔


