کراچی میں طوفانی بارش، مختلف حادثات میں 24 افراد جاں بحق
کراچی(بولونیوز)شہرقائد میں ہونے والی شدید اور طوفانی بارش نے شہر بھر میں تباہی مچا دی۔ مختلف علاقوں میں پیش آنے والے افسوسناک حادثات کے نتیجے میں اب تک 24 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
بلدیہ مدینہ کالونی میں دیوار گرنے کا المناک واقعہ پیش آیا، جہاں 13 افراد جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق قائد آباد میں ایک گھر کی چھت گرنے سے میاں بیوی جاں بحق ہوئے، جن کی شناخت شیر ولی اور ریاضت کے نام سے ہوئی۔
کورنگی نمبر 3 میں چھت گرنے کے باعث شیتا نامی خاتون جان سے گئیں، جبکہ ملیر میمن گوٹھ کے قریب کرنٹ لگنے سے حضرت نامی شخص جاں بحق ہو گیا۔
کورنگی نمبر 5 کے قریب درخت گرنے سے ایک شخص زندگی کی بازی ہار گیا۔
گلستانِ جوہر کے علاقے کامران چورنگی میں دیوار گرنے سے چار سالہ بچی جاں بحق ہو گئی، جبکہ کلفٹن نیلم کالونی کے قریب درخت گرنے سے ایک خاتون جان سے گئی۔
اسی طرح بھینس کالونی پیرانو گوٹھ میں چھت گرنے کے واقعے میں چار سالہ زینت جاں بحق ہو گئی۔
ریسکیو اور بلدیاتی ادارے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ شہریوں کو خراب موسم میں غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔


