کراچی، ایم اے جناح روڈ سمیت مختلف علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہوگیا،ٹریفک جام
کراچی(بولونیوز)بارش کے بعد شہر کی مرکزی شاہراہ ایم اے جناح روڈ پر متعدد مقامات پر بارش کا پانی جمع ہو گیا ہے، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ جہانگیر روڈ پر ترقیاتی کام کے ملبے کے باعث کیچڑ جمع ہو گئی ہے، جبکہ لیاقت آباد سپر مارکیٹ کے قریب سڑک کا ایک حصہ بیٹھ جانے کی اطلاع ہے۔
اسی طرح پٹیل پاڑہ میں بھی سڑک پربارش اور سیوریج کا پانی موجود ہے، جس سے شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں ہونے والی بارش کے دوران مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 19 ہو چکی ہے۔
دوسری جانب محکمۂ موسمیات پاکستان کا کہنا ہے کہ شہر میں آج 50 ملی میٹر یا اس سے زائد بارش ہو سکتی ہے، جبکہ تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک کا سلسلہ بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔


