طوفانی بارش کے بعد سب اچھا ہے،کمشنرکراچی کی وزیراعلی سندھ کو رپورٹ
کراچی(بولونیوز)شہر میں گزشتہ رات ہونے والی طوفانی بارش اور حادثات کے بعد انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالات اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ کمشنر کراچی نے وزیراعلیٰ سندھ کو ‘سب اچھا ہے’ کی رپورٹ پیش کر دی ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ شہر بھر سے گرے ہوئے تمام درخت اور سائن بورڈز ہٹا دیے گئے ہیں اور عمارتوں کے متاثرین کو ریسکیو کر لیا گیا ہے۔
تاہم، زمینی حقائق کمشنر کی رپورٹ کے برعکس نظر آ رہے ہیں۔ شہر کے کئی مقامات پر گرے ہوئے درخت اب بھی اپنی جگہ موجود ہیں جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔
گارڈن پولیس ہیڈ کوارٹر کے قریب صورتحال جوں کی توں ہے، جہاں بجلی کا کھمبا ٹیڑھا ہو چکا ہے اور تاریں خطرناک حد تک نیچے لٹک رہی ہیں۔ یہاں ایک بڑا بورڈ بھی لٹکا ہوا ہے جو کسی بھی وقت حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔
سولجر بازار کی گلیوں میں گرے ہوئے درخت اب بھی موجود ہیں، جنہیں تاحال نہیں ہٹایا گیا۔گزشتہ رات حادثات کے بعد ریسکیو کا کام زیادہ تر پولیس اور فلاحی اداروں نے انجام دیا تھا۔
راشد منہاس روڈ پر گرا ہوا سن شیڈ ٹریفک پولیس کے اہلکاروں نے عام شہریوں کی مدد سے ہٹایا، جس میں ضلعی انتظامیہ کا عملہ نظر نہیں آیا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے کاغذی کارروائی کے بجائے عملی طور پر صفائی اور مرمت کے کاموں کو تیز کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مزید کسی جانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔


