تیزبارش اورآندھی،کورنگی میں درخت گرنے سے5 افراد دب گئے،پولیس نے بروقت ریسکیو کرلیا

کراچی(بولونیوز)کورنگی نمبر 5 میں تیز بارش اور تند و تیز ہواؤں کے باعث ایک بڑا درخت گرنے سے پانچ افراد اس کے نیچے دب گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ عوامی کالونی کے ایس ایچ او سید عدنان بخاری پولیس نفری کے ہمراہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا۔
پولیس اور مقامی افراد کی مدد سے فوری کارروائی کرتے ہوئے درخت کے نیچے دبے تمام پانچ افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ ریسکیو کے دوران ایک شخص کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے جبکہ دیگر افراد کو معمولی زخمی حالت میں نکالا گیا۔
زخمی افراد کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد کے لیے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کر دیا گیا، ایک زخمی کی حالت تشویشناک ہے اور اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ایس ایچ او سید عدنان بخاری نے موقع پر موجود افراد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بارش اور تیز ہواؤں کے دوران شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری طور پر درختوں اور کمزور دیواروں کے قریب کھڑے ہونے سے گریز کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔
علاقہ مکینوں نے بروقت کارروائی اور فوری ریسکیو پر پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر پولیس بروقت موقع پر نہ پہنچتی تو جانی نقصان کا خدشہ بڑھ سکتا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *