بینک کا نمائندہ بن کر فراڈ !ْ کراچی میں ایک اور غیر قانونی کال سینٹر پکڑا گیا
کراچی(بولونیوز)شہر قائد میں ایک اور غیر قانونی کال سینٹر پکڑا گیا ، کارروائی میں بین الاقوامی فراڈ میں ملوث گروہ کے سرغنہ سمیت 6 کارندے گرفتار کرلیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے کے سائبر کرائم ونگ نے شارع فیصل پر واقع ایک عمارت میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر فراڈ کرنے والا غیر قانونی کال سینٹر پکڑ لیا ہے۔
کارروائی کے دوران گروہ کے سرغنہ نادر، اس کے پارٹنر آفاق اور علی رضا سمیت 6 ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ یہ گروہ بینکوں اور ڈیٹ سیٹلمنٹ ایجنسیوں (قرضہ تصفیہ) کا نمائندہ بن کر معصوم شہریوں اور غیر ملکیوں سے مالی فراڈ کرتا تھا۔
چھاپے کے دوران ملزمان کے قبضے سے حساس مالی ڈیٹا، جدید سافٹ ویئر اور دیگر آلات برآمد ہوئے ہیں۔ دورانِ تفتیش ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ وہ ہنڈی اور حوالہ کے ذریعے رقوم کی غیر قانونی منتقلی میں بھی ملوث تھے۔
گرفتار ملزمان کے خلاف ‘پیکا ایکٹ 2025’ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس بین الاقوامی فراڈ نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں کی تلاش کے لیے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ اس نیٹ ورک کی جڑوں تک پہنچا جا سکے۔


