وزیراعلیٰ سندھ کا دہشت گردوں کی دراندازی ناکام بنانےپرپاک فوج کو خراج تحسین

کراچی(بولونیوز)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شمالی وزیرستان میں سرحد پار سے دہشت گردوں کی دراندازی کو ناکام بنانے پر پاک فوج کے جوانوں کی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ قوم کو اپنے نڈر اور جری جوانوں پر فخر ہے، جنہوں نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ انہوں نے دہشت گردوں اور فتنہ الخوارج کے خلاف پاک فوج کی موثر جوابی کارروائی اور ان کے ٹھکانوں کی تباہی کو خوش آئند قرار دیا۔

سید مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ وطن عزیز کی سالمیت اور دفاع کے لیے پاک فوج کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اور سندھ کی حکومت اور عوام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پوری قوم متحد ہے اور دشمن کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *