کراچی میں جیالا میئر قبول نہیں،مرتضیٰ وہاب کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، بلاول بھٹو

کراچی(بولونیوز)بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کچھ لوگ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں جیالا میئر نہیں چاہتے، اسی لیے میئر مرتضیٰ وہاب کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، تاہم وہ خود میئر کی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور جلد کراچی میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ شروع ہوگا۔

یہ بات انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اس وقت دنیا میں جنگ جیسے حالات ہیں اور ایسے میں تمام سیاست دانوں کو ایک پیج پر ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سندھ حکومت کی مجموعی کارکردگی سے خوش ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ مسائل کے باوجود سندھ کے وزیراعلیٰ جس انداز میں صوبے کا مقدمہ لڑتے ہیں وہ قابلِ تعریف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی آگ لگانے والوں میں شامل نہیں بلکہ آگ بجھانے والوں میں سے ہے، اور سانحات کا مقابلہ کرنے والوں پر تنقید سمجھ سے بالاتر ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مرتضیٰ وہاب اس لیے ناقابلِ برداشت بنائے جا رہے ہیں کیونکہ کچھ عناصر سندھ کے دارالحکومت کراچی میں جیالا میئر نہیں دیکھنا چاہتے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ میئر مرتضیٰ وہاب کی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور آنے والے دنوں میں کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کا آغاز ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت اور کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن منفی پروپیگنڈے کا جواب اپنی عملی کارکردگی سے دے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *