سرکاری خزانے سے چیئرمین سینیٹ کے لیے 9 کروڑ روپے کی مہنگی گاڑی خریدنے کا انکشاف
اسلام آباد(بولونیوز)سرکاری ذرائع سے انکشاف ہوا ہے کہ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کے لیے تقریباً 9 کروڑ روپے مالیت کی نئی گاڑی خریدی گئی ہے، جو اب سینٹ سیکرٹریٹ کے پاس پہنچ چکی ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں جب چیئرمین سینیٹ سے پوچھا گیا کہ کیا اتنی مہنگی گاڑی سرکاری خزانے سے خریدی گئی، تو انہوں نے تصدیق کی کہ یہ گاڑی سینٹ کے بجٹ سے خریدی گئی ہے۔ یوسف رضا گیلانی نے بتایا کہ گاڑی کا آرڈر گزشتہ سال مئی میں دیا گیا تھا اور پچھلے برس سینٹ کے بجٹ میں بچت ہونے والے پیسوں سے یہ گاڑی حاصل کی گئی۔
چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ ملک کی موجودہ معاشی صورتحال کے پیش نظر گاڑی واپس کرنے کی کوشش کی گئی، لیکن چونکہ گاڑی پہلے ہی آچکی ہے، اس لیے اب اسے واپس کرنا ممکن نہیں رہا۔
یہ اقدام ملک میں عوامی تنقید کا باعث بن سکتا ہے، کیونکہ مہنگی گاڑی کی خریداری ایسے وقت میں ہوئی ہے جب معاشی حالات نازک ہیں۔


