دریائے سندھ میں نہاتے ہوئے چار بچے ڈوب کر جاں بحق
جامشورو(بولونیوز)اندرونِ سندھ کے علاقے جامشورو میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں دریائے سندھ کے کنارے نہاتے ہوئے چار بچے ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق یہ واقعہ کوٹری کے قریب کاروکھو کچے کے مقام پر پیش آیا، جہاں بچے نہانے کے لیے دریا میں اترے تھے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے بچوں کی لاشیں دریا سے نکال لیں۔ جاں بحق بچوں کا تعلق پنہور برادری سے بتایا جاتا ہے۔
دوسری جانب واقعے کی اطلاع پر سندھ پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس کے مطابق جاں بحق بچوں میں 11 سالہ کشمیرہ، 10 سالہ ساجدہ، 13 سالہ اعجاز اور 9 سالہ قربان شامل ہیں۔
پولیس نے تمام بچوں کی لاشیں مقامی اسپتال منتقل کر دیں، جہاں ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کی جائیں گی۔ واقعے پر علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہے۔


