آئی جی سندھ کی زیرِ صدارت کوئیک رسپانس فورسز کی کارکردگی اور تیاریوں کا جائزہ اجلاس

کراچی(بولونیوز)آئی جی سندھ جاویدعالم اوڈھو کی زیرِصدارت سندھ پولیس کے مختلف یونٹس میں قائم کوئیک رسپانس فورسز (QRF) کی عملی تیاریوں، صلاحیتوں اور دستیاب سہولیات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

سینٹرل پولیس آفس کراچی میں ہونے والے اجلاس میں ایڈیشنل آئی جیز کراچی اور آپریشنز، ڈی آئی جیز ہیڈکوارٹرز، اسٹیبلشمنٹ، سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز، آر آر ایف، ٹریننگ، ویسٹ و ایسٹ زون سمیت دیگر اے آئی جیز نے شرکت کی۔

اجلاس میں شرکاء کو ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈی آئی جی آر آر ایف اور ڈی آئی جی ویسٹ نے کوئیک رسپانس فورسز کی موجودہ صورتحال، عملی تیاریوں اور مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس میں بین الاقوامی اور ملکی حالات، ممکنہ امن و امان کے خطرات اور مختلف خدشات کا جائزہ لیا گیا اور تجاویز پیش کی گئیں۔ موجودہ حالات کے تناظر میں فیصلہ کیا گیا کہ آر آر ایف، سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز اور زونل سطح کی QRF کو ہمہ وقت تیار رکھا جائے۔

آئی جی سندھ نے ہدایت کی کہ اضافی کوئیک رسپانس فورسز کو فوری تربیت، اینٹی رائٹ آلات اور ضروری اسلحہ سے لیس رکھا جائے تاکہ حساس مقامات اور ہائی رسک علاقوں میں بروقت تعیناتی ممکن ہو۔

جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ کیو آر ایف اہلکاروں کی پیشہ ورانہ تربیت اور جدید آلات سے استعداد کار میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ناخوشگوار واقعہ پر فوری اور مؤثر پولیس رسپانس عوام کے اعتماد کو مضبوط کرتا ہے۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ کوئیک رسپانس فورسز کو کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے تحت مزید مربوط کیا جائے تاکہ رسپانس ٹائم کم سے کم ہو اور عوام کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *