امریکا میں یہودی عبادت گاہ پر حملہ، مشتبہ شخص ہلاک، سیکیورٹی گارڈ زخمی

واشنگٹن(بولونیوز) امریکا کی ریاست مشی گن میں یہودیوں کی عبادت گاہ پر حملے کا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک مشتبہ شخص گاڑی عبادت گاہ سے ٹکرا کر ہلاک ہو گیا۔

یہ واقعہ ویسٹ بلوم فیلڈ ٹاؤن شپ میں واقع ٹیمپل اسرائیل میں پیش آیا، جہاں ایک ڈرائیور نے مبینہ طور پر اپنی گاڑی عبادت گاہ کی عمارت سے ٹکرا دی۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی گارڈ کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔

پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے دوران ایک سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوا، تاہم عبادت گاہ میں موجود پری اسکول کے طلبہ اور عملہ محفوظ رہے۔ اہلکاروں نے بتایا کہ گاڑی کے عمارت سے ٹکراتے ہی اس میں آگ بھڑک اٹھی اور مشتبہ شخص گاڑی ہی کے اندر مردہ پایا گیا۔

تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ مشتبہ شخص کی موت فائرنگ سے ہوئی یا آگ لگنے کے باعث، جبکہ اس کی شناخت بھی فوری طور پر ظاہر نہیں کی گئی۔ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشی گن میں یہودی عبادت گاہ پر حملے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے متاثرین سے ہمدردی اور زخمی سیکیورٹی گارڈ کی جلد صحت یابی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *