حیدرآباد میں پہلی پنشن تاحال ادا نہ ہوسکی، حکومت نے دوسری ادائیگی کا اعلان کردیا
حیدرآباد(بولونیوز)حکومتِ سندھ نے عیدالفطر کے موقع پر سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو 16 مارچ کو تنخواہیں اور پنشن ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم حیدرآباد میں اس اعلان نے پنشنرز میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے کیونکہ متعدد پنشنرز کو تاحال پہلی پنشن بھی موصول نہیں ہوسکی۔
ذرائع کے مطابق حیدرآباد میں بلدیاتی اداروں سے وابستہ پنشنرز کئی روز سے اپنی پنشن کے حصول کے لیے دفاتر کے چکر لگا رہے ہیں، مگر ادائیگی عمل میں نہیں آ رہی۔ اس صورتحال پر شہری حلقوں اور پنشنرز نے میئر حیدرآباد اور میونسپل کمشنر حیدرآباد کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے انتظامی نااہلی کے الزامات عائد کیے ہیں۔
پنشنرز کا کہنا ہے کہ ایک جانب حکومت نئی تاریخ دے کر ادائیگیوں کا اعلان کر رہی ہے جبکہ دوسری جانب حیدرآباد میں پہلے سے واجب الادا پنشن کی ادائیگی بھی نہیں کی جا رہی، جس کے باعث بزرگ شہری شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔
پنشنرز نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر بقایا پنشن ادا کی جائے تاکہ وہ عیدالفطر سے قبل اپنی بنیادی ضروریات پوری کر سکیں اور مزید پریشانی سے بچا جا سکے۔


