ہر خطرے کو ختم کرنے کیلئے ضروری اقدامات کیے جائیں گے، فیلڈ مارشل
وزیرستان(بولونیوز) چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان پائیدار امن اسی صورت ممکن ہے جب افغان طالبان دہشت گردی اور دہشت گرد تنظیموں کی حمایت ترک کریں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وانا، جنوبی وزیرستان کا دورہ کیا اور شہدا کی یادگار پر پھول رکھ کر مادر وطن کے دفاع میں قربانیاں دینے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر انہیں مغربی سرحد پر سکیورٹی صورتحال اور آپریشن غضب للحق پر بریفنگ دی گئی۔ فیلڈ مارشل نے مغربی سرحد پر موجودہ سکیورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا، اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں سے ملاقات کی اور جاری جھڑپوں کے دوران ان کی پیشہ ورانہ صلاحیت، آپریشنل مستعدی اور بلند حوصلے کو سراہا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں پاکستان کی سلامتی اور استقامت کی بنیاد ہیں۔ فتنہ خوارج اور فتنہ الہندوستان کا افغانستان کی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال کرنا ناقابل قبول ہے، اور اس جانب سے پیدا ہونے والے ہر خطرے کو ختم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں جانب امن تب ہی قائم ہوسکتا ہے جب افغان طالبان دہشت گردی اور دہشت گرد تنظیموں کی حمایت سے دستبردار ہوں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے پاک افغان سرحد پر تعینات فارمیشنز کی جنگی تیاری، مربوط کارکردگی اور حوصلے پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔


