کوہاٹ، نشپا بلاک سے تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت
کوہاٹ(بولونیوز)نشپا بلاک میں تیل اورگیس کےنئےذخائردریافت ہوئےہیں۔ پاکستان کی سرکاری تیل و گیس کمپنی آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے اس حوالے سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔
او جی ڈی سی ایل کی جانب سے بھیجے گئے خط میں بتایا گیا ہے کہ برگزئی ایکس ون کنویں سے یومیہ تقریباً 3 ہزار 765 بیرل خام تیل حاصل ہونے کی توقع ہے، جبکہ اس نئی دریافت سے یومیہ ایک کروڑ 12 لاکھ مکعب فٹ گیس بھی حاصل کی جا سکے گی۔
کمپنی کے مطابق تیل اور گیس کی تلاش کے لیے اس مقام پر 5 ہزار 170 میٹر گہرائی تک کھدائی کی گئی تھی۔ اس دریافت کے بعد نشپا بلاک میں مزید تیل اور گیس کے ذخائر ملنے کے امکانات بھی روشن ہو گئے ہیں۔
نشپا بلاک میں او جی ڈی سی ایل 65 فیصد حصص کے ساتھ آپریٹر ہے، جبکہ پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کے 30 فیصد اور گورنمنٹ ہولڈنگز (پرائیویٹ) لمیٹڈ (جی ایچ پی ایل) کے 5 فیصد حصص ہیں۔
ماہرین کے مطابق اس دریافت سے ملک میں توانائی کے شعبے کو تقویت ملنے اور تیل و گیس کی مقامی پیداوار میں اضافہ ہونے کی توقع ہے۔


