عید خریداری کے دوران ٹریفک پلان جاری، اہم شاہراہوں پر رکشہ و ٹیکسی کا داخلہ ممنوع
کراچی(بولونیوز) ڈی آئی جی ٹریفک سید پیر محمد شاہ کی ہدایات کے مطابق شہر میں عید کی خریداری کے دوران ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا ہے۔ پلان کے تحت آج سے شہر کے مختلف اضلاع میں تعینات سیکشن آفیسرز اور ٹریفک اسٹاف شام 7 بجے سے شاپنگ سینٹرز اور مارکیٹوں میں رات گئے تک کاروباری سرگرمیوں کے اختتام تک اپنے فرائض انجام دیں گے۔
ٹریفک پولیس نے شہر کی اہم اور مصروف مارکیٹوں سمیت شاہراہوں پر اضافی نفری بھی تعینات کر دی ہے تاکہ ٹریفک روانی برقرار رکھی جا سکے۔
اہم اقدامات کے مطابق:
اللہ والی چورنگی سے اتحاد سگنل تک رکشہ اور ٹیکسی کا داخلہ ممنوع ہوگا۔
کمرشل گاڑیاں اللہ والی سے نورانی سگنل، میڈیکیر اور شہید ملت روڈ کا راستہ اختیار کریں۔
ڈرگ روڈ سے آنے والی ٹریفک میلینیم برج سے نیپا جا سکے گی، پل کے نیچے رکشہ اور ٹیکسی کا داخلہ ممنوع ہوگا۔
رش کی صورت میں نارتھ کراچی سے آنے والی کمرشل ٹریفک فائیو اسٹار چورنگی سے شارع نورجہاں اور لنڈی کوتل چورنگی کے راستے جا سکتی ہے۔
بورڈ آفس سے آنے والی ٹریفک ڈی اے چورنگی سے ضیاءالدین چورنگی اور شارع نورجہاں سے نارتھ کراچی کے راستے جا سکتی ہے۔
فوارہ سے جی پی او اور سنگر چوک سے زیب النساء اسٹریٹ تک رکشہ و ٹیکسی کا داخلہ ممنوع ہوگا۔
رکشہ، ٹیکسی اور کمرشل گاڑیاں فوارہ سے ایم آر کیانی چوک، سرور شہید روڈ، کوسٹ گارڈ سے ریگل یا تبت سینٹر کا راستہ اختیار کریں۔
ایم اے جناح روڈ سے سنگر چوک، پریڈی اسٹریٹ اور صدر دواخانہ کا روٹ استعمال کریں۔
تبت چوک سے عید گاہ چوک جامع کلاتھ تک رکشہ اور ٹیکسی کا داخلہ ممنوع ہوگا۔
رکشہ، ٹیکسی یا کمرشل گاڑیاں اردو بازار سے کورٹ روڈ چوک یا فریسکو چوک کا راستہ اختیار کریں۔
رش کی صورت میں کلفٹن برج سے تین تلوار، ریس کورس یا چوہدری خلیق الزمان روڈ کا استعمال کریں۔
کے پی ٹی انڈر پاس سے آنے والی ٹریفک باتھ آئی لینڈ سے کلفٹن برج کا راستہ استعمال کرے۔
مین راشد منہاس روڈ پر رکشہ اور ٹیکسی کا داخلہ ممنوع ہوگا۔
رکشہ، ٹیکسی اور کمرشل گاڑیاں سجن کانٹا سے سرفراز غوری روڈ استعمال کریں۔
شہر بھر میں تمام سپرمارکیٹس کے اطراف غیر قانونی رکشہ اور ٹیکسی اسٹینڈ قائم نہیں ہوں گے۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے عوام سے درخواست کی ہے کہ جاری کردہ ٹریفک پلان پر مکمل عمل درآمد کریں تاکہ شہر میں ٹریفک نظم و ضبط برقرار رہے اور عید خریداری محفوظ انداز میں مکمل ہو۔


