افغانستان انسانی حقوق کا قبرستان بن چکا ہے، اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر کا انتباہ
جنیوا(بولونیوز) اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق نے افغانستان میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ملک اب انسانی حقوق کا قبرستان بنتا جا رہا ہے۔
ہائی کمشنر نے کہا کہ طالبان حکومت کی جانب سے نافذ کیے گئے نئے قوانین اور ضابطے انسانی حقوق سے متعلق عالمی وعدوں اور بین الاقوامی معاہدوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ ان قوانین کے نتیجے میں خاص طور پر خواتین، بچیوں، صحافیوں، اقلیتوں اور سول سوسائٹی کے کارکنان بنیادی حقوق سے محروم ہو رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم، روزگار، اظہارِ رائے اور نقل و حرکت پر عائد پابندیاں نہ صرف انسانی وقار کے منافی ہیں بلکہ عالمی برادری سے کیے گئے وعدوں کے بھی برخلاف ہیں۔ اقوام متحدہ نے واضح کیا کہ افغانستان میں جاری یہ پالیسیاں ملک کو مزید تنہائی اور بحران کی طرف دھکیل رہی ہیں۔


