ایئرپورٹ اور اس کے اطراف کی سیکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا

کراچی(بولونیوز)ایئرپورٹ اور اس کے اطراف سیکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق رینجرز، پولیس اور اے ایس ایف کے اضافی دستے ایئرپورٹ کی حدود اور اطراف کی سڑکوں پر تعینات کیے جا رہے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

انتظامیہ کی جانب سے واضح ہدایت جاری کی گئی ہے کہ ایئرپورٹ پر صرف مسافروں کو داخلے کی اجازت ہوگی، جبکہ بلا وجہ آنے والوں کو ایئرپورٹ کا رخ کرنے سے گریز کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی ہیڈکوارٹر اور پی آئی اے و سول ایوی ایشن اتھارٹیز کے ہیڈکوارٹرز کی سیکیورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے۔ سول ایوی ایشن کالونی میں صرف ملازمین اور رہائشیوں کی گاڑیوں کو داخلے کی اجازت ہوگی، جبکہ پی آئی اے ٹاؤن شپ کی سڑک سے ایئرپورٹ، پی آئی اے ہیڈ آفس اور پی اے ہیڈکوارٹرز جانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی پرواز سے کافی پہلے ایئرپورٹ پہنچیں کیونکہ سخت چیکنگ کے باعث راستے میں اضافی وقت لگ سکتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *