بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہسپتال منتقلی کی درخواست پر اعتراضات، عدالت نے واپس کر دی
اسلام آباد(بولونیوز)سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ہسپتال منتقل کرنے کی درخواست پر اعتراضات عائد کر کے اسے واپس کر دیا۔ عمران خان کے وکیل سردار لطیف کھوسہ اور نعیم پنجوتھہ چیف جسٹس کی عدالت میں پیش ہوئے۔
سردار لطیف کھوسہ نے عدالت سے کہا: “ہماری درخواست مقرر کر دیں”، جس پر چیف جسٹس یحییٰ خان آفریدی نے جواب دیا کہ “آپ کی درخواست اعتراضات کے ساتھ کل واپس کی جا چکی ہے۔ آپ کی درخواستیں تاحکم ثانی زیر التواء رہیں گی، ایسی کوئی درخواست زیر التواء نہیں جس پر کارروائی کی جا سکے۔”
لطیف کھوسہ نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ درخواست سیاسی یا قانونی نہیں بلکہ انسانی بنیادوں پر ہسپتال منتقلی کے لیے ہے، لیکن چیف جسٹس نے کہا کہ انسانی بنیادوں پر میڈیکل چیک اپ پہلے ہی کروایا جا چکا ہے۔
جسٹس شاہد بلال حسن نے بھی لطیف کھوسہ سے کہا کہ “میں آپ کو 1992 سے جانتا ہوں، آپ کیا بول رہے ہیں اور کس چینل سے بول رہے ہیں سب سمجھ رہا ہوں۔”
چیف جسٹس نے مزید کہا کہ لطیف کھوسہ سپریم کورٹ کا طریقہ کار جانتے ہیں، رجسٹرار سے ملاقات کریں اور اگر اعتراضات کی کاپی نہ دی جائے تو دوبارہ عدالت آ سکتے ہیں۔


