پاکستان رینجرز (سندھ) کی بڑی کارروائی، لاڈہ گروہ کے 3 خطرناک ملزمان گرفتار
کراچی(بولونیوز)پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقوں شاہ لطیف ٹاؤن اور ملیر سے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث بدنامِ زمانہ لاڈہ گروہ کے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت نعیم عرف مولا ولد شیر بہادر، شاہزیب عرف شاہ جی ولد نعیم شاد اور عامر خان ولد امان اللہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے دو عدد بغیر لائسنس پسٹل بمعہ ایمونیشن، ایک بوتل شراب، دو گرام حشیش، ایک عدد خنجر، ایک عدد چوری شدہ موٹرسائیکل، موبائل فون اور نقدی برآمد کر لی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ملزمان اپنے ساتھیوں کے ہمراہ کراچی کے مختلف علاقوں شاہ لطیف ٹاؤن، قزافی ٹاؤن، ظفر ٹاؤن، پیپری، علی محمد گوٹھ، سندھی گوٹھ، قائدآباد، ماڈل کالونی، رفاع عام سوسائٹی اور ملیر میں اسلحے کے زور پر شہریوں سے نقدی، موٹرسائیکلیں اور موبائل فون چھیننے، اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں، جبکہ غیر قانونی اسلحہ کی خرید و فروخت میں بھی سرگرم تھے۔
رینجرز کے مطابق ملزم عامر خان ڈکیتی کی ایک واردات کے دوران سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح طور پر نظر آتا ہے اور وہ عادی مجرم ہے، جو اس سے قبل بھی گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔ جبکہ ملزم شاہزیب عرف شاہ جی کے الیکٹرک آفس کے باہر تین ملین روپے کی ڈکیتی میں بھی ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں۔
رینجرز نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ گرفتار ملزمان کو اسلحہ، ایمونیشن اور مسروقہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
پاکستان رینجرز (سندھ) نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جرائم کے خاتمے کے لیے ایسے عناصر کے بارے میں معلومات فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 0347-9001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے فراہم کریں۔ اطلاع دینے والے کا نام صیغۂ راز میں رکھا جائے گا۔


