ملیر بار ایسوسی ایشن کی ہڑتال، گورنر سندھ کے بیانات کے خلاف عدالتی بائیکاٹ

کراچی(بولونیوز)ملیربار ایسوسی ایشن نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے کراچی کی انتظامی حیثیت سے متعلق حالیہ بیانات پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے آج، 24 فروری 2026 کو مکمل ہڑتال اور عدالتی کارروائیوں کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

ملیر بار کے صدر ارشاد علی شر نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملیر کو خط بھیجا جس میں کہا گیا کہ گورنر سندھ کے بیانات آئین پاکستان کے آرٹیکل 239 کی خلاف ورزی ہیں، جو صوبائی حدود میں کسی بھی تبدیلی کا واضح طریقہ کار فراہم کرتا ہے۔

بار ایسوسی ایشن نے موقف اختیار کیا کہ گورنر نے اپنے آئینی حلف کی پاسداری نہیں کی، اور انہوں نے صدرِ مملکت اور وزیر اعظم سے مطالبہ کیا کہ گورنر سندھ کو فوری طور پر عہدے سے ہٹایا جائے۔

بار نے اعلان کیا کہ آج کوئی بھی وکیل عدالتوں میں پیش نہیں ہوگا، اور اس کے ساتھ ہی سندھ اسمبلی کی اس قرارداد کی بھی حمایت کی گئی جس میں سندھ کی وحدت اور سالمیت کی توثیق کی گئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *