سندھ حکومت کا بڑا فیصلہ، ہولی ویک اور ایسٹر کے دوران امتحانات معطل

کراچی(بولونیوز) سندھ حکومت نے مسیحی برادری کے مقدس ایام کے احترام میں ہولی ویک اور ایسٹر کے دوران امتحانات کے انعقاد پر پابندی عائد کر دی ہے۔ صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز کو ہدایت کی گئی ہے کہ 2 اپریل سے 6 اپریل 2026 تک کوئی بھی امتحان شیڈول نہ کیا جائے۔

صوبائی وزیر جامعات محمد اسماعیل راہو کے مطابق یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر کیا گیا، جو فادر ماریو اے روڈریگز (پرنسپل سینٹ پیٹرک ہائی اسکول کراچی) کی درخواست کے بعد جاری کی گئی۔

وزیر جامعات نے واضح کیا کہ جمعرات 2 اپریل سے پیر 6 اپریل 2026 تک کوئی امتحان نہیں لیا جائے گا، جبکہ ملتوی شدہ یا نئے امتحانات منگل 7 اپریل 2026 سے دوبارہ شروع ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جن تعلیمی بورڈز نے پہلے ہی امتحانی شیڈول جاری کر دیا ہے، وہ فوری طور پر ضروری ترامیم کر کے نیا شیڈول شائع کریں۔ تمام بورڈ چیئرمینز کو فیصلے پر مکمل عملدرآمد اور تعمیلی رپورٹ محکمہ کو ارسال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ کو آگاہ کیا جا سکے۔

محمد اسماعیل راہو کے مطابق اس اقدام کا مقصد صوبے میں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا اور اقلیتی طلبہ و اساتذہ کو مذہبی تہواروں کے دوران سہولت فراہم کرنا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *