عالمی یومِ مادری زبان کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا پیغام
کراچی(بولونیوز)عالمی یومِ مادری زبان کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ مادری زبان ہماری شناخت، ثقافت اور تہذیبی ورثے کی بنیاد ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ ہر بچے کو اپنی مادری زبان میں تعلیم اور اظہار کا حق حاصل ہے، اور نوجوان صرف لسانی تنوع کے وارث نہیں بلکہ اس کے مستقبل کے معمار بھی ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ کثیر لسانی تعلیم شمولیت، مساوات اور پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہے اور ڈیجیٹل دور میں مادری زبانوں کی نمائندگی کو یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اس بات پر زور دیا کہ مصنوعی ذہانت اور آن لائن پلیٹ فارمز پر چھوٹی زبانوں کو بھی مساوی مواقع ملنے چاہئیں اور لسانی تنوع سماجی ہم آہنگی، امن اور باہمی احترام کو فروغ دیتا ہے۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت سندھ صوبے کی تمام زبانوں کے تحفظ، ترویج اور تدریس کے لیے پُرعزم ہے اور عوام سے اپیل کی کہ آئیں ہم اپنی مادری زبانوں کو آئندہ نسلوں تک منتقل کریں اور ان کی قدر و منزلت کو برقرار رکھیں۔


