متروکہ وقف املاک پر غیر قانونی تعمیرات، عدالت میں درخواست زیر سماعت
کراچی(بولونیوز)پلاٹ نمبر آر سی ون 18 اے، ماروک روڈ نزد وفاقی اردو یونیورسٹی متروکہ وقف املاک کی ملکیت ہے، جس پر غیر قانونی تعمیرات کے خلاف درخواست دائر کی گئی ہے۔
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) نے عدالت میں رپورٹ جمع کرائی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ پلاٹ پر تعمیرات کی اجازت نہیں دی گئی تھی اور بلڈنگ کا ریکارڈ بھی موجود نہیں ہے۔ ایس بی سی اے نے بجلی اور گیس فراہم کرنے والے اداروں کو کنیکشن منقطع کرنے کے لیے نوٹس جاری کیے ہیں اور جگہ خالی کرانے کے لیے بھی نوٹس بھجوا دیے گئے ہیں۔
درخواست گزار سید عبد الواسع نے موقف اختیار کیا ہے کہ متروکہ وقف املاک کی رہائشی جگہ کو کمرشل میں تبدیل کر کے غیر قانونی تعمیرات کی جا رہی ہیں۔ یہ جگہ پہلے سول اسپتال کے ڈاکٹرز کی رہائش اور نرسنگ ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کے لیے استعمال ہوتی تھی اور اب بھی سول اسپتال کے زیر استعمال ہے۔
عدالت نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو جامع رپورٹ پیش کرنے کے لیے مہلت دیتے ہوئے درخواست کی مزید سماعت چار مارچ تک ملتوی کر دی ہے۔


