سولجر بازار میں رہائشی عمارت میں گیس لیکج کا دھماکا، 13 افراد جاں بحق

کراچی(بولونیوز)گیس لیکج کے باعث عمارت میں ہونے والے دھماکے سے جاں بحق افراد کی تعداد 13 ہوگئی۔پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے سولجر بازار میں صبح 4 بجے کے قریب عمارت میں گیس لیکج کے باعث دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں عمارت کا کچھ حصہ گرگیا، حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سکیورٹی سخت کردی اور ریسکیو اداروں نے سرچ آپریشن شروع کردیا۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ عمارت تین منزلہ ہے اور ہرفلور پر ایک کمرہ قائم ہے، تنگ گلیوں کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور اب تک 13 لا شیں نکالی جاچکی ہیں جن میں 4 بچے اور 3 خواتین بھی شامل ہیں جب کہ 10 سے زائد زخمی ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ڈی جی ریسکیو 1122بریگیڈئیر واجد نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں بتایا کہ گیس دھماکا عمارت کی پہلی منزل پر ہوا، دھماکا گیس سلنڈر یا گیس کھینچنے والی مشین سےہوا ۔

ڈی جی نے کہا کہ مزید افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے جس کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے، چھوٹی عمارت کے لیے ہمارے پاس خاص آلہ ہوتاہے، آلے کی مدد سے لوہے کو کاٹ کر ملبہ ہٹایا ہے۔

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا واٹس ایپ چینل فالو کیجئے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *