رمضان کے دوران ٹریفک کی روانی کے لیے جامع پلان، سٹی ٹریفک پولیس 24 گھنٹے ڈیوٹی پر

لاہور(بولونیوز)سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے رمضان المبارک میں ٹریفک کی موثر روانی اور شہریوں کی سہولت کے لیے جامع ٹریفک پلان تشکیل دے دیا ہے۔

سی ٹی او لاہور کے مطابق رمضان کے دوران ٹریفک پولیس 24 گھنٹے ڈیوٹی سر انجام دے گی۔ سینکڈ شفٹ میں اضافی نفری تعینات ہوگی، خصوصی اسکواڈز فعال ہوں گے اور نائٹ شفٹ میں شہر کے تمام 45 ٹریفک سیکٹرز کی گاڑیاں پٹرولنگ پر مامور ہوں گی۔

حکومت پنجاب کی ہدایت پر شہر بھر میں 23 سہولت بازار، پانچ منڈیاں اور 22 دسترخوان قائم کیے گئے ہیں، جہاں ٹریفک ڈیوٹی موجود ہوگی۔ ڈویژنل اور سرکل افسران افطار اور تراویح کے اوقات میں مکمل سپرویژن کریں گے۔ رمضان میں دو ہزار سے زائد افسران اور وارڈنز ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔

خصوصی طور پر رمضان بازاروں اور دیگر مارکیٹوں میں پارکنگ پر سخت نظر رکھی جائے گی اور غلط پارکنگ کے خاتمے کے لیے ٹریفک ریسپانس یونٹ کے 200 سے زائد وارڈنز، 34 فورک لفٹرز اور 5 بریک ڈاؤنز ہمہ وقت موجود رہیں گے۔

ٹریفک وارڈنز کو ان کے ڈیوٹی پوائنٹس پر سرکاری اخراجات سے افطاری مہیا کی جائے گی اور سی ٹی او لاہور کی ہدایت پر تمام ایس پیز اور ڈی ایس پیز بھی چوکوں میں وارڈنز کے ہمراہ افطاری میں شریک ہوں گے۔

سی ٹی او لاہور نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ افطار کے اوقات میں صبر و تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹریفک پولیس کا ساتھ دیں تاکہ رمضان میں ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *