نیٹ میٹرنگ، نیپرا نے سولر صارفین کو بڑی خوشخبری سنا دی

اسلام آباد(بولونیوز)نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے سولر صارفین کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے پرانے سولر صارفین کے لیے نیٹ میٹرنگ پالیسی برقرار رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔

نیپرا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سولر پالیسی 2026 میں ترمیمی مسودے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس پر تمام شراکت داروں سے 30 روز کے اندر تجاویز اور آرا طلب کی گئی ہیں۔ اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ مجوزہ ترامیم کا اطلاق 9 فروری 2026 سے ہوگا۔

نیپرا کے مطابق پرانے سولر صارفین کے لیے موجودہ نیٹ میٹرنگ پالیسی برقرار رہے گی، جس سے لاکھوں صارفین کو ریلیف ملے گا اور انہیں اضافی مالی دباؤ کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل نیپرا نے نیٹ میٹرنگ پالیسی کے خاتمے اور نیٹ بلنگ سسٹم متعارف کرانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، جس پر سولر صارفین کی جانب سے شدید تحفظات کا اظہار کیا جا رہا تھا۔ تاہم نئے فیصلے کے بعد پرانے صارفین کے خدشات میں واضح کمی متوقع ہے۔

ماہرین کے مطابق نیپرا کا یہ اقدام قابلِ تجدید توانائی کے فروغ، سولر صارفین کے اعتماد کی بحالی اور ملک میں گرین انرجی کے اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوگا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *