دنیاۓ کرکٹ کے سابق کپتانوں کا عمران خان سے اظہارِ یکجہتی
اسلام آباد(بولونیوز)دنیاۓ کرکٹ کے 14 سابق بین الاقوامی کپتانوں نے پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے حکومتِ پاکستان سے ان کے لیے مناسب طبی سہولیات فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ مشترکہ درخواست سابق آسٹریلوی کپتان گریگ چیپل کی قیادت میں پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف تک پہنچا دی گئی ہے۔
درخواست پر دنیاۓ کرکٹ کی نامور شخصیات نے دستخط کیے ہیں جن میں بھارت کے عظیم کھلاڑی سنیل گواسکر اور کپل دیو، آسٹریلیا کے سابق کپتان ایلن بارڈر، اسٹیو وا اور ایان چیپل شامل ہیں۔
اس کے علاوہ سابق آسٹریلوی ویمن کپتان بیلنڈا کلارک، کم ہیوز، انگلینڈ کے سابق کپتان مائیک ایتھرٹن، ناصر حسین، مائیک بریرلی اور ڈیوڈ گوور بھی شامل ہیں۔
درخواست پر ویسٹ انڈیز کے لیجنڈری کپتان کلائیو لائیڈ اور نیوزی لینڈ کے سابق کپتان جان رائٹ نے بھی دستخط کیے ہیں۔
سابق کرکٹ کپتانوں نے اپنی اپیل میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ انسانی بنیادوں پر عمران خان کو مکمل اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں، کیونکہ کرکٹ اور کھیل سیاست سے بالاتر ہو کر انسانیت کا درس دیتے ہیں۔


