وزیر داخلہ سندھ کا ضلع غربی پولیس کو شاندار کارکردگی پر خراجِ تحسین

کراچی(بولونیوز)ضیاءالحسن لنجار: وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار نے ضلع غربی کے ایس ایس پی طارق مستوئی اور ان کی پوری ٹیم کو شاندار کارکردگی پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ اورنگی میں واقع ایک جیولر شاپ میں 30 کروڑ روپے مالیت کے سونے کی بڑی واردات میں ملوث مرکزی ملزم کو محض 48 گھنٹوں میں گرفتار کر کے مسروقہ سونا برآمد کر لیا گیا، جو پولیس کی پیشہ ورانہ مہارت اور برق رفتاری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ضیاءالحسن لنجار کا کہنا تھا کہ ضلع غربی پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کے ذریعے عوام کا اعتماد بحال کیا ہے۔ ایس ایس پی طارق مستوئی اور ان کی ٹیم نے جرائم پیشہ عناصر کو واضح پیغام دیا ہے کہ قانون کی گرفت سے کوئی نہیں بچ سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومتِ سندھ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، جبکہ جرائم کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے پولیس کی کاوشیں قابلِ ستائش ہیں۔ وزیر داخلہ سندھ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے بھر میں جرائم کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی تاکہ شہری خود کو محفوظ محسوس کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *