شانگلہ میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، تین دہشت گرد ہلاک، تین پولیس اہلکار شہید
پشاور(بولونیوز) ضلع شانگلہ کے علاقے کبل گرام میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی کارروائی کے دوران کم از کم تین دہشت گرد ہلاک ہو گئے، جبکہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں تین پولیس اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں اور پولیس کے درمیان کافی دیر تک فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا۔ ہلاک دہشت گردوں میں ایک ہائی پروفائل کمانڈر بھی شامل تھا جس کی شناخت نور اسلام عرف سلمان کے نام سے ہوئی ہے، جس کے سر پر صوبائی حکومت کی جانب سے 50 لاکھ روپے کا انعام مقرر تھا۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ یہ دہشت گرد گروہ ماضی میں چینی شہریوں کو نشانہ بنانے والے حملوں میں ملوث رہا ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو طویل عرصے سے مطلوب تھا۔
دریں اثنا، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید پولیس اہلکاروں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے بہادر جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر تین خطرناک دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا۔
محسن نقوی نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے گھناؤنے عزائم کو ناکام بنانے پر پولیس افسران اور جوان سلام کے مستحق ہیں، اور پوری قوم اپنے شہداء کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔


