پی ٹی اے کا بڑا فیصلہ: موبائل صارفین کے لیے ٹول فری نمبرز پر کالز بالکل مفت

لاہور(بولونیوز)پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے صارفین کے مفادات کے تحفظ کے لیے ایک اہم اور صارف دوست فیصلہ کرتے ہوئے موبائل صارفین کے لیے بھی ٹول فری نمبرز (0800) پر کالز مکمل طور پر مفت کر دی ہیں۔ اس فیصلے کا اطلاق ملک بھر کے تمام موبائل نیٹ ورکس پر ہوگا۔

پی ٹی اے کے مطابق اس سے قبل ٹول فری نمبرز پر کال کرنے کی سہولت صرف فکسڈ لائن صارفین کے لیے مفت تھی، جبکہ موبائل فون سے کی جانے والی ان کالز پر صارفین کو مقررہ چارجز ادا کرنا پڑتے تھے۔ تاہم پی ٹی اے نے پی ٹی سی ایل، نیشنل ٹیلی کمیونی کیشن کارپوریشن (این ٹی سی) اور مختلف سیلولر کمپنیوں کے ساتھ تفصیلی مشاورت کے بعد اس سہولت کو تمام موبائل صارفین تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد عوام کو بلا امتیاز سہولیات فراہم کرنا اور ملک میں ایک مؤثر، شفاف اور صارف دوست ٹیلی کمیونی کیشن نظام کو فروغ دینا ہے۔ اس فیصلے کے بعد شہری سرکاری و نجی اداروں، بینکوں، ہیلپ لائنز اور دیگر خدمات سے متعلق ٹول فری نمبرز پر بغیر کسی اضافی مالی بوجھ کے رابطہ کر سکیں گے۔

پی ٹی اے کے مطابق یہ اقدام عوامی سہولت میں اضافے اور ڈیجیٹل شمولیت کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے، جس سے بالخصوص عام صارفین کو نمایاں فائدہ پہنچے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *