پانچ ہزار روپے کے تنازع پر فائرنگ، دو سگے بھائی جاں بحق
کراچی(بولونیوز)محض پانچ ہزار روپے کے معمولی لین دین کے تنازع نے دو سگے بھائیوں کی زندگی چھین لی۔ افسوسناک واقعے کے بعد جاں بحق ہونے والے بھائیوں کے والد نے جناح اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واقعے کی تفصیلات بیان کیں۔
غمزدہ والد نے بتایا کہ ان کے بیٹوں کا اپنی سگے بہن کے بیٹے جعفر کے ساتھ پانچ ہزار روپے کے لین دین پر جھگڑا ہوا تھا، تاہم بعد ازاں دونوں خاندانوں کے درمیان صلح بھی ہوگئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ صلح کے باوجود بھانجوں کے دلوں میں غصہ برقرار رہا۔
والد کے مطابق انہوں نے خود پیشکش کی تھی کہ وہ پانچ ہزار روپے اپنی جیب سے ادا کر دیں گے، مگر اس کے باوجود ان سے قطع تعلق کر لیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ جعفر، جو ان کا بھانجا ہونے کے ساتھ ساتھ داماد بھی ہے، دل میں رنجش رکھتا رہا۔
غمزدہ والد نے مزید کہا کہ واقعے کے روز ان کے بیٹے گھر کے باہر بیٹھے ہوئے تھے کہ جعفر اپنے ساتھیوں کے ہمراہ آیا اور اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں دونوں سگے بھائی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
اشکبار آنکھوں کے ساتھ والد نے کہا کہ “ظالموں نے میری کمر توڑ دی ہے، میرا سب کچھ مجھ سے چھین لیا گیا ہے۔”
انہوں نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے اور امید ظاہر کی کہ قاتل اور اس کے ساتھیوں کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔


