وزیراعظم شہباز شریف کا نیپرا کے سولر سے متعلق نئے ریگولیشنز کا فوری نوٹس

اسلام آباد(بولونیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے سولر توانائی سے متعلق نئے ریگولیشنز کے اجراء کا فوری نوٹس لے لیا ہے اور پاور ڈویژن کو اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔

وزیراعظم نے پاور ڈویژن کو ہدایت کی ہے کہ نیپرا میں فوری طور پر نظرثانی کی اپیل دائر کی جائے تاکہ سولر کے موجودہ صارفین کے کنٹریکٹس کا مکمل اور ہر ممکن تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے صارفین جنہوں نے موجودہ پالیسی کے تحت سرمایہ کاری کی ہے، ان کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم نے اس امر پر بھی زور دیا کہ سولر توانائی سے مستفید ہونے والے 4 لاکھ 66 ہزار صارفین کا مالی بوجھ صرف نیشنل گرڈ سے بجلی استعمال کرنے والے 3 کروڑ 76 لاکھ سے زائد صارفین پر منتقل نہیں ہونا چاہیے۔ اس حوالے سے وزیراعظم نے پاور ڈویژن کو جامع، متوازن اور قابلِ عمل لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت قابلِ تجدید توانائی کے فروغ کی حامی ہے، تاہم پالیسی سازی میں تمام صارفین کے مفادات کا خیال رکھنا ناگزیر ہے تاکہ بجلی کے نظام پر کسی ایک طبقے پر غیر منصفانہ بوجھ نہ پڑے۔

ذرائع کے مطابق پاور ڈویژن جلد اس معاملے پر تفصیلی سفارشات تیار کر کے وزیراعظم کو پیش کرے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *